۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
علامہ مقصودڈومکی

حوزہ/ مرکزی ترجمان ایم ڈبلیو ایم نے اپنے بیان میں کہا کہ علامہ اقبال نے کربلا کے پیغام اور امام حسین علیہ السلام کے فلسفہ قیام کو جس خوبصورت انداز میں پیش کیا وہ ان کے حسینی افکار و کردار کی عکاس ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شاعر مشرق حکیم الامت حضرت علامہ ڈاکٹر محمد اقبال رحمتہ اللہ علیہ کے یوم پیدائش کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ حکیم الامت علامہ اقبال نے سوئی ہوئی امت مسلمہ کو خواب غفلت سے بیدار کیا آپ نے بیداری کا جو پیغام دیا وہ آج بھی ہمارے لیے مشعل راہ ہے علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے انگریز سامراج کے عزائم کو بے نقاب کرتے ہوئے مسلم نوجوانوں کو مغربی تہذیب اور ثقافت کے حقیقی چہرے سے آشنا کیا۔ آپ کی تعلیمات قرآن کریم کے زرین اصولوں اور عشق رسول و آل رسول سے عبارت ہے۔ علامہ اقبال نے کربلا کے پیغام اور امام حسین عالی مقام علیہ السلام کے فلسفہ قیام کو جس خوبصورت انداز میں پیش کیا وہ ان کے حسینی افکار و کردار کی عکاس ہے۔فکر اقبال آج بھی ہمارے لئے لیے بہترین رہنما ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آج بھی فکر اقبال کے مطابق آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد جو حکمران آئے انہوں نے فکر اقبال اور حکیم الامت کی عظیم تعلیمات کو نظر انداز کیا۔  ہم پاکستان کو باباٸے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناح رحمتہ اللہ علیہ اور حکیم الامت حضرت علامہ اقبال کے پیغام کی روشنی میں ایک ترقی یافتہ اسلامی فلاحی ریاست بنا سکتے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ فکرِ اقبال کو نصاب میں ایک مضمون کے طور پر شامل کیا جائے تاکہ علامہ اقبال کے افکار کی روشنی میں نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت ہو سکے۔ 

آخر میں کہا کہ تقریبا ایک صدی کا طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود آج بھی فکر اقبال ہمارے لئے بہترین بہترین رہنما اصول کا درجہ رکھتی ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .